ورلڈ بینک سے پاکستان کو مزید 50 کروڑ ڈالرسے زائد کی رقم موصول

Last Updated On 28 July,2020 03:09 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ترقیاتی منصوبوں اور کورونا سے نمٹنے کے لئے ورلڈ بینک سے پاکستان کو مزید 50 کروڑ ڈالرسے زائد کی رقم موصول ہوگئی۔

سٹیٹ بینک کے جاری اعلامیے کے مطابق پاکستان کو ورلڈ بینک کی جانب سے مزید 50 کروڑ 50 لاکھ ڈالر وصول ہوگئے ہیں، یہ رقم ترقیاتی منصوبوں اور کورونا سے نمٹنے کے لئے دی گئی ہے، رقم سے زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگا۔

جولائی میں ہی پاکستان کو ورلڈ بینک سے 73 کروڑ 70 لاکھ ڈالر وصول ہوئے تھے۔ اس طرح صرف ورلڈ بینک سے پاکستان کو رواں ماہ ایک ارب 24 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی رقم موصول ہوچکی ہے۔
اس کے علاوہ ایشیائی ترقیاتی بینک سے 50 کروڑ 30 لاکھ ڈالر اور ایشین انفرا اسٹریکچر بینک کی جانب سے اب تک 50 کروڑ ڈالر وصول ہوچکے ہیں۔
 

Advertisement