اسلام آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے یکم ستمبر سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں 15 روز کیلئے مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا، پٹرولیم ڈویژن نے اوگرا، آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل کو گائیڈ لائنز جاری کر دیں۔
دستاویز کے مطابق پٹرول و ڈیزل کی قیمتوں کا تعین نئی پالیسی کے تحت کیا جائے گا، دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین موجودہ طریقہ کار کے تحت ہوگا۔ پیٹرول و ڈیزل کی قیمت کا تعین خام تیل کی 14 روز کی قیمت کی اوسط نکال کر کیا جائے گا۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پی ایس او پیٹرول کی خریداری کیلئے طویل مدتی معاہدے کرے گا، پیٹرول و ڈیزل پر ٹیکسوں، لیویز کے ریٹس مروجہ شرح کے مطابق ہوں گے، تیل کی درآمد کے اخراجات کا تعین ہونےکے بعد آئندہ 15 روز میں شامل کیا جاسکے گا، ڈالر کی قدر کا تعین پی ایس او کیلئے دستیاب عبوری قیمت کے مطابق ہی کیا جائے گا، پی ایس او کے تیل درآمد کے اخراجات دستیاب نہ ہونے پرسابقہ ماہ کے ریٹس پر ہی قیمت کا تعین ہو گا۔