اسلام آباد: (دنیا نیوز) فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہداف حاصل کرنے کا عمل تیز کرتے ہوئے ملک بھر میں منی لانڈرنگ کرنے والوں کیخلاف کارروائیوں کا فیصلہ کیا گیا ہے، اس مقصد کے لئے ٹیکس انٹیلی جنس حکام کو خصوصی ٹاسک دے دیا گیا۔
فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کے اہداف کے پیش نظر حکومت پاکستان نے منی لانڈرنگ کی روک تھام کیلئے خصوصی ایکشن پلان تیار کر لیا ہے، ٹیکس حکام کو خصوصی کارروائیوں کی ہدایت کے ساتھ ساتھ ایف بی آر کے خفیہ ونگ کو بھی متحرک کر دیا گیا۔
منی لانڈرنگ کی مجموعی رقم کے حساب سے جرمانوں کے ساتھ ساتھ مجرمان کو 5 سے 10 سال تک قید کی سزا ہوگی، انکم ٹیکس اور کسٹم انٹیلی جنس ونگ اپنی اپنی حدود میں منی لانڈرنگ روکیں گے، اس مقصد کے لئے تمام بندرگاہوں، ہوائی اڈوں پر خصوصی انتظامات کیے جائیں گے۔