فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کی مارکیٹوں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو چکا ہے جبکہ دکانوں میں ریٹ لسٹیں آویزاں نہ ہونے پر شہری مہنگے داموں اشیا خریدنے پر مجبور ہیں۔
مہنگائی کے طوفان میں منافع خور بھی سرگرم ہو گئے، مارکیٹوں میں پھلوں اور سبزیوں کی قیمتوں کو تو جیسے پر لگ گئے، پھلوں اور سبزیوں کی قیمتیں متوسط طبقے کی پہنچ سے دور ہو گئیں۔ خریدار کہتے ہیں کہ قیمتوں پر چیک اینڈ بیلنس نہ ہونے کے برابر ہے، دکاندار اشیاء کی من مانی قیمتیں وصول کر رہے ہیں۔
پھلوں میں انگور200 روپے، سیب 120 روپے، انار260 روپے، آڑو 240 روپے اور کھجوریں 200 سے 240 روپے کلو تک فروخت ہو رہی ہیں۔ سبزیوں کی قیمتیں پھلوں سے کچھ کم نہیں، آلو80 روپے، مٹر 200 روپے، شملہ مرچ 220 روپے، ٹینڈے 120 روپے کلو تک جا پہنچے۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی نے دعوی کیا کہ دکانوں پر کھانے پینے والی اشیاء کے سرکاری نرخ نامے آویزاں نہ ہوئے تو اسسٹنٹ کمشنرز اور پرائس مجسٹریٹ کے خلاف کاروائی ہوگی۔
سبزیوں میں استعمال ہونے والے مصالہ جات جن میں ادرک 530 روپے، لہسن 235 روپے، دھنیا 100روپے، ٹماٹر 130 روپے اور سبز مرچ کی قیمت 140 روپے فی کلو ہو چکی ہے۔