فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں آٹے کی قیمتوں نے ایک بار پھر سے اُونچی اُڑان بھرنا شروع کر دی۔ آٹے کے 20 کلو گرام تھیلے کی قیمت 1400روپے تک جا پہنچی جس سے عام آدمی کیلئے دو وقت کی روٹی کا انتظام کرنا بھی محال ہو گیا ہے۔
فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول کرنا شائد انتظامیہ کے بس سے باہر نکل گیا۔ قیمتوں کی اونچی پرواز دیکھ کر عام آدمی چکرا کر رہ گیا۔ آٹے کے 20 کلو گرام تھیلے کی قیمت 1400 روپے جبکہ گندم 2400 روپے فی من تک جاپہنچی ہے۔ قیمتوں میں اضافے سے مزدور طبقہ پریشانی کا شکار ہے۔
معاملے سے متعلق اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری کہتے ہیں کہ آٹے کی متواتر سپلائی کو یقینی بنانے اور قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
شہری کہتے ہیں کہ مارکیٹوں میں آٹے کی قلت کی وجہ سے دکاندار من چاہی قیمتیں وصول کررہے ہیں مگر انتظامیہ کی کارروائی کہیں دکھائی نہیں دیتی۔