لاہور: آٹے کے حصول کیلئے عوام کی خواری بدستور جاری، 20 کلو تھیلے کی قلت برقرار

Published On 19 October,2020 09:36 am

لاہور: (دنیا نیوز) گندم کی درآمد و برآمد کے کھیل میں آٹے کے حصول میں عوام کی خواری کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ درآمدی گندم کا تیسرا جہاز کراچی پہنچ جانے کے باوجود آٹے کے نرخوں میں کمی نہ آسکی۔ 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قلت بھی ہنوز برقرار ہے۔

گندم بحران کو دور کرنے کے لیے تیسرا درآمدی جہاز 57 ہزار ٹن گندم لے کر ملک میں پہنچ چکا ہے۔ اِس سے پہلے دو جہازوں میں آنے والی گندم مارکیٹ میں پہنچ چکی ہے لیکن اِس کے باوجود آٹے کی قلت دور ہو سکی نہ نرخوں میں کمی آسکی۔اِس کے باعث عوام کی مشکلات جوں کی توں برقرار ہیں۔

یہی صورت حال لاہور میں بھی جوں کی توں ہے جہاں 20 کلوآٹے کے تھیلے کی یومیہ ڈیمانڈ 2 لاکھ تیس ہزار ہے لیکن اِس وقت صرف ایک لاکھ 29 ہزار روزانہ کی بنیاد پر مارکیٹ میں سپلائی کیے جارہے ہیں۔ ذمہ داران کا کہنا ہے کہ فلورملوں کو گندم کا اضافی کوٹہ جلد ملنا شروع ہوجائے گا جس کے باعث صورت حال بہتر ہوجائے گی۔ دس کلو آٹےکے تھیلوں کی سپلائی بھی طلب کے مقابلے میں بہت کم ہے۔
 

Advertisement