اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے رحمان فیلڈ سے 3 کروڑ مکعب فٹ یومیہ گیس سوئی سدرن کمپنی کو دینے کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ عبدالحفیظ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا، ٹیلی کام سیکٹر کے فروغ کیلئے ٹیکسوں میں چھوٹ کی اصولی منظوری دیدی گئی۔ ساحلی علاقوں کا سروے ،وزارت دفاع کے لیے 10 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ منظور کر لی گئی۔
ای سی سی نے رحمان گیس فیلڈ کے تین کنووں سے سوئی سدرن کو اضافی گیس کی فراہمی اورایرانی کمپنی سے 104 میگاوواٹ بجلی کی خریداری کیلئے معاہدے کی تجدید کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں وزارت دفاع کوساحلی علاقوں کے سروے کے لیے 10 کروڑ روپے کی سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری بھی دیدی گئی۔ پاک فوج ساحلی پٹی کےسروے کیلئے وزارت بحری امور کی مدد کرے گی۔
ای سی سی نے افغان ٹرنزٹ ٹریڈ کے کنٹیرمز پر اضافی چارجز ختم کرنے کے لیے وزارت قانون سے بھی سفارشات طلب کرلیں۔ای سی سی نے ہدایت کی کہ کراچی پورٹ پر موجود افغان کارگو کنٹینرز کی کلئیرنس کیلئے ٹرمینل آپریٹرز سے بات چیت کی جائے اور مشیر ریونیو، مشیر اصلاحات اور مشیر تجارت پر مشتمل کمیٹی تجاویز تیار کرے گی۔۔