اسلام آباد: (دنیا نیوز) آزاد جموں و کشمیر سمیت ملک بھر میں سستے آٹے کی فراہمی میں مشکلات کے پیش نظر حکومت نے سستے آٹے کی فراہمی کے لئے پیشگی اقدام کا فیصلہ کر لیا ہے، حکومت تین لاکھ اسی ہزار میٹرک ٹن گندم ڈیوٹی فری درآمد کرے گی۔
دستاویز کے مطابق حکومت نے آزاد کشمیر اور یوٹیلیٹی سٹور کی گندم کی ضروریات پوری کرنے کے لئے اضافی گندم درآمد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اضافی گندم ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے ڈیوٹی فری درآمد کی جائے گی، دستاویز کے مطابق آزاد کشمیر حکومت کو 80ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی جائے گی جبکہ یوٹیلٹی سٹورزکارپوریشن کو تین لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہم کی جائے گی۔
دستاویز کے مطابق آزاد کشمیر میں اوپن مارکیٹ میں قیمتیں بڑھنے سے سبسڈائز آٹے کی طلب بڑھ گئی ہے، یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن نے سستے آٹے کی فراہمی کے لیے اضافی تین لاکھ میٹرک ٹن گندم فراہمی کا مطالبہ کیا ہے، دستاویز کے مطابق وزارت تجارت نے گندم درآمد کرنے کے اقدام کی مخالفت کی ہے۔
وزارت تجارت نے کہا ہے کہ مقامی گندم کی آمد اور طلب ورسد کو دیکھ کر درآمد کا فیصلہ کیاجائے اور مقامی فصل کی آمد کےموقع پر گندم درآمد نہ کی جائے، وزارت تجارت کے مطابق گندم درآمد سے ملک میں سپورٹ پرائس عدم توازن کا شکار ہو گی، دستاویز کے مطابق رواں سال کے لیے آزاد کشمیر حکومت اپنے کوٹے سے 2 لاکھ 36 ہزار 592 میڑک ٹن اور یوٹیلٹی سٹورز کارپوریشن اپنے کوٹے سے 1لاکھ 97ہزار 344میٹرک ٹن گندم وصول کرچکا ہے۔