پاکستان کو خام کپاس درآمد کرنیکی ضرورت لیکن بھارت سے نہیں لیں گے: مشیر تجارت

Published On 13 February,2021 04:33 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق داؤد نے کہا ہے کہ پاکستان کو خام کپاس درآمد کرنے کی ضرورت ہے لیکن بھارت سے خام کپاس نہیں خریدیں گے۔

مشیر تجارت عبدالرزاق داؤد کا کہنا ہے کہ خام کپاس کی درآمد پر ٹیکس میں ردوبدل نہیں ہوگا، پاکستان بھارت سے خام کپاس نہیں خریدے گا، بلکہ ترکمانستان اور ازبکستان سے خام کپاس درآمد کی جائے گی، یہ دونوں پاکستان کے لیے نئی تجارتی منڈیاں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مئی تک افغانستان اور ازبکستان سے کئی مصنوعات کی تجارت ہوسکے گی، پاکستان افغانستان کو موٹر سائیکل اور گاڑیاں برآمد کرسکتا ہے، اس کے ساتھ ساتھ افغانستان کو الیکٹرونکس مصنوعات برآمد کرسکتا ہے، افغانستان واشنگ مشین اور فریج کی بہت بڑی مارکیٹ ہے۔

عبدالرزاق داؤد کا کہنا تھا کہ ازبکستان کو ٹیکسٹائل کی برآمد کرسکتے ہیں، ازبکستان سے ساتھ فضائی رابطوں کا فروغ چاہتے ہیں، ازبکستان اور افغانستان میں بینکنگ کو فروغ دیں گے، افغانستان کے ساتھ تجارت کا موجودہ معاہدہ 3 ماہ کے لیے بڑھایاگیا ہے، افغانستان کے ساتھ تجارتی معاہدہ 11 مئی تک لاگو رہے گا۔
 

Advertisement