ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر تیزی سے بحال ہونے لگی

Published On 23 February,2021 04:09 pm

کراچی: (دنیا نیوز) ملک بھر میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر تیزی سے بحال ہونے لگی۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند روز کے دوران ملکی معیشت میں مثبت اعشاریے ملنے ، آئی ایم ایف کی طرف سے قرض پروگرام بحال ہونے اور ترسیلات زر کے مسلسل بڑھتی ہوئی خبروں کے باعث روپے کی قدرتیزی سے بحال ہو رہی ہے۔

رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران اوپن مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 30 پیسے سستا ہو گیا اور نئی قیمت 159 روپے 10 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر میں رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 18 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 159 روپے 7 پیسے سے کم ہو کر 158 روپے 89 پیسے ہو گئی ہے۔
 

Advertisement