روپے کے مقابلے میں ڈالر کی گراوٹ کا سلسلہ تیزی سے جاری

Published On 25 March,2021 04:05 pm

لاہور(ویب ڈیسک) ریکارڈ ترسیلات زر موصول ہونے، آئی ایم ایف کی طرف سے دوسری قسط ملنے کے بعد ملک بھر میں ایک مرتبہ پھر روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں مزید گراوٹ دیکھی گئی ہے۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے تیسرے کاروباری روز کے دوران روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر 38 پیسے سستا ہو گیا اور قیمت 155 روپے 39 پیسے سے گر کر 155 روپے 1 پیسے ہو گئی ہے۔

یاد رہے کہ 23 مارچ کو چھٹی کے باعث کاروباری تعطیل تھی جس کے باعث مقامی مارکیٹوں میں ڈالر کی ٹریڈنگ بند رہی تھی۔

خیال رہے کہ رواں مالی سال کے دوران زر مبادلہ کی شرح میں بڑا اتار چڑھاؤ دیکھنے میں آیا اور اگست 2020 (مالی سال 21) میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت سب سے کم ہوگئی، پچھلے سال 20 اگست کو ڈالر 168.70 روپے پر پہنچ گیا تھا۔

اس کے بعد روپے کی بحالی کا عمل شروع ہوا اور گزشتہ 4 ماہ کے دوران اس نے امریکی ڈالر کے مقابلے میں کافی بہتری ظاہر کی ہے۔

اس سال 16 جنوری کو روپیہ 161.13 پر تھا، اس نے 2.32 روپے فی ڈالر یا 1.4 فیصد روپے کی بہتری حاصل کی، 12 فروری کو انٹر بینک مارکیٹ میں ڈالر کی تجارت 158.81 روپے پر ہوئی جو تین ماہ کی کم ترین سطح تھی۔

یہاں یہ بات بھی واضح رہے کہ ڈالر کی قدر کمی کمی اور روپے کی قدر میں اضافہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب گزشتہ روز عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) نے پاکستان کے لیے پروگرام کو ایک سال سے زائد عرصے تک تاخیر کا شکار رہنے کے بعد بحال کردیا ہے۔

آئی ایم ایف کے بورڈ نے پاکستان کے لیے 6 ارب ڈالر کے پروگرام کی 50 کروڑ ڈالر کی تیسری قسط کی منظوری دے دی ہے۔
 

Advertisement