ہونڈا نے ایک مرتبہ پھر موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا

Published On 30 March,2021 04:18 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) اٹلس ہونڈا لمیٹڈ (اے ایچ ایل) نے ایک مرتبہ پھر موٹر سائیکلوں کی قیمتوں میں بڑا اضافہ کر دیا ہے، قدر میں 1 ہزار سے لیکر 1600 روپے تک بڑھوتری دیکھی گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق اٹلس ہونڈا لمیٹڈ (اے ایل ایچ) نے ماہ میں ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں بہتری کی وجہ سے کم درآمدی لاگت کے باوجود موٹرسائیکل کی قیمتوں میں ایک ہزار سے 16 سو روپے کا اضافہ کردیا۔

ایک ڈیلر نے نجی ٹی وی سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ نئی قیمتیں یکم اپریل سے لاگو ہوں گی اور ماضی کی طرح کمپنی نے قیمتوں میں اضافے کی کوئی وجہ نہیں بتائی۔

مثال کے طور پر ہونڈا کی سی ڈی 70 ایک ہزار روپے اضافے کے ساتھ 82 ہزار 900 روپے جبکہ سی جی 25 ایک ہزار 600 روپے اضافے کے ساتھ ایک لاکھ 36 ہزار 500 روپے میں فروخت ہوگی۔

ہونڈا کی جانب سے مالی سال 21 کے 8 ماہ میں 8 لاکھ 36 ہزار 46 یونٹس فروخت ہوئے جبکہ گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 7 لاکھ 194 یونٹس فروخت ہوئے تھے۔

اگست 2020 کے آخری ہفتے سے درآمد کی لاگت میں کمی واقع ہوئی ہے جب 154-155 روپے کی موجودہ شرح کے مقابلے میں ایک ڈالر 168.40 روپے کے برابر تھا لیکن موٹر سائیکل اور دیگر گاڑیوں کے اسمبلرز قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری رکھا ہے۔

اکبر روڈ پر موٹر سائیکل ڈیلر محمد صابر شیخ نے کہا کہ اگست 2020 سے لیکر اب تک 70 سی سی موٹرسائیکل کی قیمت میں 8 سے 9 ہزار جبکہ 125-150 سی سی موٹرسائیکل کی قیمتوں میں 25 ہزار سے 50 ہزار روپے اضافہ ہوا ہے۔

معاشی ماہرین نے بتایا کہ اگست 2020ء سے آج کی تاریخ تک کار کی قیمتوں میں 2 سے 7 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ سوزوکی ویگن آر کی قیمت اب 16لاکھ 40 ہزار روپے ہے جو 16 لاکھ 5 ہزار روپے تھی۔ اسی طرح کلٹٹس 17 لاکھ 45 ہزار روپے کے بجائے 17 لاکھ 80 ہزار روپے میں فروخت ہورہی ہے۔
 

Advertisement