لاہور: ضلعی انتظامیہ نے 30 رمضان بازار فعال کر دیئے

Published On 11 April,2021 08:58 am

لاہور: (دنیا نیوز) لاہور کی ضلعی انتظامیہ نے شہر بھر میں 30 رمضان بازار فعال کر دیئے، چینی اور آٹے سمیت دیگر اشیائے ضروریہ سستے داموں میسر ہونے پر شہریوں نے حکومتی اقدام کو خوش آئند قرار دیدیا۔

ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کے ستائے شہریوں کے لئے اچھی خبر، ضلعی انتظامیہ کی جانب سے 30 سستے رمضان بازار سج گئے۔ 11 ماڈل بازاروں کو رمضان بازاروں کا درجہ دیا گیا ہے جہاں چینی 65 روپے اور 10 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت 375 روپے میں جاری ہے۔

نشتر زون اور اقبال زون میں 5 ،5 ،گلبرک زون میں 4، راوی زون، سمن آباد زون، داتا گنج بخش زون، عزیز بھٹی زون اور شالامار زون میں 3 ، 3 اور واہگہ زون میں 2 رمضان بازار لگائے گئے ہیں۔ اس حوالے سے کمشنرلاہور کیپٹن ریٹائرڈ محمد عثمان کا کہنا ہے کہ بازار فعال کر دیئے گئے ہیں جہاں شہریوں کو سستی اشیاء میسر ہیں۔ خود بازاروں کے سرپرائز دورے کروں گا۔

شہریوں نے حکومتی سطح پر رمضان بازاروں کے اقدام کو سراہتے ہوئے عام مارکیٹ میں بھی اشیاء سستی کروانے کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر لاہور مدثر ریاض ملک کہتےہیں رمضان بازاروں میں شہریوں کو سستی اشیاء میسر ہونگی، ضرورت پڑی تو بازاروں کی تعداد بڑھا سکتے ہیں۔
رمضان بازاروں میں کمشنر آفس، پولیس، ضلعی انتظامیہ، کارپوریشن، ٹریفک پولیس، پارکنگ کمپنی، ایل ڈبلیو ایم سی، ہیلتھ اور ریسکیو افسران انتظامی امور سنبھالیں گے جبکہ زرعی اجناس کی فراہمی کے لئے مارکیٹ کمیٹی ، ایگریکلچر، لائیو سٹاک اور انڈسٹری افسران کو ذمہ دارایاں تفویض کی گئی ہیں ۔
کورونا ایس او پیز کے تحت رمضان بازاروں کا حدود اربعہ دگنا کیا گیا ہے۔ رمضان بازاروں کو فعال کرنے میں 6 کنٹریکٹر فرمز نے ٹاسک مکمل کیا۔
 

Advertisement