سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہے: وفاقی وزیر خزانہ

Published On 13 April,2021 07:04 pm

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرخزانہ محمد حماد اظہر نے کہا ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانی ملک کا قیمتی اثاثہ ہے، حکومت نے سمندرپارپاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس جیسے کئی سہولیاتی اقدامات کئے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزد سفیر لیفٹننٹ جنرل(ر) بلال اکبرسے خیرسگالی ملاقات کے دوران کیا۔ وفاقی وزیرنے نامزد سفیر کاخیرمقدم کرتے ہوئے ان کی نئی داریوں کیلئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تاریخی تعلقات قائم ہیں، دونوں ممالک کے عوام صدیوں سے مذہبی، ثقافتی اورتجارتی تعلقات اوررابطوں میں ایک دوسرے سے منسلک رہے ہیں، خادم الحرمین ملک کی حیثیت سے پاکستان کے عوام سعودی عرب کیلئے گہرے احترام اورعقیدت کے جذبات رکھتے ہیں۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ سعودی عرب میں پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد مختلف شعبوں میں کام کررہے ہیں، پاکستانیوں نے سعودی عرب میں بنیادی ڈھانچہ کی تعمیرمیں اہم کرداراداکیاہے۔ اس کے علاوہ بڑی تعداد میں پاکستانی ڈاکٹرز، بینکرز، تاجر اورماہرین تعلیم بھی سعودی عرب میں کام کرتے ہوئے قیمتی زرمبادلہ ملک ارسال کررہے ہیں۔

وفاقی وزیرنے کہاکہ سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانی ملک کا بیش قیمت اثاثہ ہے، حکومت نے سمندرپارپاکستانیوں کو ملک میں سرمایہ کاری کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹس سمیت کئی اقدامات کئے ہیں۔ سعودی عرب میں کام کرنے والے پاکستانیوں کی ایک بڑی تعداد آن لائن اکاونٹس کھول کراس سکیم سے استفادہ کررہے ہیں۔

سعودی عرب کیلئے پاکستان کے نامزدسفیرنے پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان تجارت اورسرمایہ کے شعبوں میں تعلقات کوسیع کرنے اوراس حوالہ سے وسیع تراستعدادبارے بریفنگ دی۔وفاقی وزیرنے پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان سرمایہ کاری اورتجارت کے شعبوں میں استعدادسے بھرپوراستفادہ کرنے اورسعودی عرب میں پاکستانی شہریوں کوسہولیات فراہم کرنے کی ضرورت پرزوردیا
 

Advertisement