حکومت آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام، دکانوں پر آٹا 52 روپے فی کلو فروخت

Published On 01 May,2021 11:39 am

لاہور: (دنیا نیوز) حکومت آٹے کی قیمتیں کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی۔ دکانوں پر آٹا 52 روپے فی کلو فروخت ہونے لگا۔ 10 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت بند ہوگئی۔

مہنگائی کی چکی میں پسے عوام کا ایک اور امتحان، آٹے کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوگیا۔ سرکاری گندم کی 1300 روپے فی من ریلیز بند ہوگئی۔ مقامی مارکیٹ میں پرائیویٹ گندم 1800 سے 1900 روپے فی من فروخت ہونے لگی۔

گندم کی قیمت بڑھنے پر شہر میں 10 کلو آٹے کے تھیلے کی فروخت بند ہوگئی۔ 15کلو آٹے کا تھیلا 860 روپے، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1030 روپے میں بیچا جا رہا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ حکومت کیا چاہتی ہے، اتنی مہنگائی ہے، غریب آدمی کہاں جائے۔

چیئرمین فلور ملز ایسوسی ایشن میاں عاصم رضا کا کہنا ہے کہ محکمہ خوراک نے 5 ہزار میٹرک ٹن سبسڈائزڈ گندم کی سپلائی بند کر دی، اب 10 کلو آٹے کا تھیلا 515 روپے میں ملے گا۔

محکمہ خوراک پنجاب کے مطابق صرف رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 375 روپے میں مل رہا ہے، نئی گندم 1800 سے 1900 روپے میں بیچی جا رہی ہے، گندم مہنگی ہونے سے آٹے کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں۔
 

Advertisement