ایمیزون کا پاکستان کو سیلرزلسٹ میں شامل کرنے کا فیصلہ، پاک امریکا بزنس کونسل کا خیر مقدم‎

Published On 09 May,2021 07:56 pm

واشنگٹن: (دنیا نیوز) پاک امریکہ بزنس کونسل نے ’’ایمیزون‘‘ کی طرف سے پاکستان کو سیلرز لسٹ میں شامل کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کیا ہے۔

چیئرمین پاک یو ایس بزنس کونسل و صدر سارک چیمبر افتخار علی ملک نے امریکی ای کامرس کمپنی ’’ایمیزون‘‘ کی طرف سے پاکستان کو اپنی سیلرز لسٹ میں شامل کرنے کے فیصلہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے اس سے نوجوان تاجروں کے لئے عالمی برآمدی منڈیوں میں شامل ہونے کا نیا دور شروع ہو گا۔

اتوار کو ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن جمیل احمد جمیل سے گفتگو کرتے ہوئے بانی چیئرمین پاک یو ایس بزنس کونسل اور صدر سارک چیمبر آف کامرس افتخار علی ملک نے کہا کہ اس سے نوجوان بزنس کمیونٹی اور خواتین سمیت ایس ایم ایز کی ایک بڑی تعداد غیرملکی مارکیٹوں سے بھر پور فائدہ اٹھا سکے گی۔

انہوں نے کہا کہ یہ اہم سنگ میل ہے کہ ایمیزون نے پاکستان کو اس فہرست میں شامل کر لیا ہے اور اس کا تمام تر کریڈٹ وزیر اعظم عمران خان اور مشیر تجارت عبدالرزاق دائود کی قیادت میں ان کی ٹیم کو جاتا ہے جو کافی عرصہ سے اس کیلئے جدوجہد کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اس فیصلہ کے نتیجہ میں ملک میں اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری اور روزگار کے لاکھوں نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اس تاریخ ساز فیصلہ سے ملکی تجارت میں زبردست تبدیلی آئے گی اور معاشی نمو کے ایک نئے دور کا آغاز ہو گا کیونکہ اب پہلے سے کہیں زیادہ سیلرز اس بین الاقوامی پلیٹ فارم سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ افتخار علی ملک نے پاکستانی برآمد کنندگان پر زور دیا کہ وہ پاکستان کیلئے رجسٹریشن کھلنے پر اس کے زیادہ سے زیادہ فوائد حاصل کریں اور برآمد کنندگان اپنی مصنوعات کا معیار بین الاقوامی سٹینڈرڈز پر لانے پر بھر پور توجہ دیں۔

جمیل احمد جمیل نے اس بات پر زور دیا کہ انٹرنیٹ کی ترقی اور آسان رسائی کی وجہ سے حالیہ برسوں میں ای کامرس کے رجحان میں تیزی آئی ہے جبکہ کووڈ۔ 19 کی وجہ سے ای کامرس کی اہمیت پہلے سے کئی گنا بڑھ گئی ہے اور یہ عالمی معاشی نظام کا ایک انتہائی اہم شعبہ بن گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم اپنے ایس ایم ایز کو بہترین معیار کی مصنوعات کے ساتھ اس گیٹ وے میں شامل کرنے کے لئے منصوبہ سازی کر رہے ہیں۔

 

Advertisement