ڈالر مزید مہنگا، سٹاک مارکیٹ میں کاروباری حجم تاریخ کی بلند ترین سطح پر

Published On 27 May,2021 04:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) عید الفطر کی تعطیلات کے بعد سے لیکر اب تک ڈالر کے مقابلے میں روپے کی بے قدری کا سلسلہ جاری ہے، ایک مرتبہ پھر امریکی کرنسی مزید 6 پیسے مہنگی ہو گئی جبکہ سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 21.56 پوائنٹس کی مندی دیکھی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر مزید 6 پیسے مہنگا ہو گیا اور نئی قیمت 154 روپے 78 پیسے سے بڑھ کر154 روپے 84 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں اُتار چڑھاؤ کے بعد 21.56 پوائنٹس کی مندی ریکارڈ کی گئی، ایک موقع انڈیکس 47204.13 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا تاہم کاروبار کے اختتام تک یہ سطح برقرار نہ رہ سکی اور انڈیکس 46790.75 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 0.05 فیصد کی گراوٹ دیکھی گئی اور 51 کروڑ 21 لاکھ 40 ہزار 10 شیئرز کا لین دین ہوا۔

سٹاک مارکیٹ میں کاروباری حجم تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا، کاروبار کے اختتام پر کارباری حجم 2 ارب 21 کروڑ شیئرز کا ریکارڈ کیا گیا۔ حصص کی مالیا میں اضافہ 14 سال کی بلند ترین سطح پر ہوا، ورلڈ کال کا کاروباری حجم 95 کروڑ شیئرز رہا، ہم نیٹ ورک کا کاروباری حجم 17 کروڑ شیئرز ریکارڈ کیا گیا۔  

Advertisement