لاہور: (دنیا نیوز) سگیاں منڈی میں جانوروں کی خریداری کیلئے رونق بڑھ گئی مگر جانوروں کی قیمتیں آسمان پر پہنچنے سے عوام نالاں، بیوپاری بھی جانوروں کی فروخت نہ ہونے پر پریشان نظر آئے۔
عید قربان کو چند دو روز باقی، سگیاں مویشی منڈی میں رونقیں لگ گئیں۔ جانوروں کی خریداری کے لئے گاہکوں اوربیوپاریوں میں بحث و تکرار کا سلسلہ جاری ہے۔ گاہک جانوروں کی قیمتیں سن کر حیران تو بیوپاری جانور فروخت نہ ہونے پر پریشان دکھائی دیئے۔
سگیاں منڈی میں اوسط بکرا 40 سے 60ہزار روپے کی رینج میں دستیاب ہے،بڑے بکرے کی ایک لاکھ روپے ڈیمانڈ کی جا رہی ہے۔ بچھڑا 2سے 5لاکھ روپے جبکہ بھاری بھرکم بیل کے 10سے 20لاکھ روپے مانگے جا رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قربانی کا جانور لینے کے لئے منڈی آئے، قیمتوں میں کئی گنا اضافہ ہوچکا، جانور پہنچ سے دور ہیں۔ بیوپاریوں کا کہنا تھا کہ کئی روز سے جانور لے کر آئے ہیں، فروخت نہیں ہو رہے۔
مویشی منڈیوں میں کورونا ایس اوپیز پر عمل درآمد کم ہی دکھائی دیا جبکہ ماسک کی پابندی پر بھی عمل نہ کیا جا سکا۔