جنوبی کوریا پاکستان کے زرعی شعبہ میں 7 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا: فخر امام

Published On 03 August,2021 03:49 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی وزیر برائے غذائی تحفظ سید فخر امام نے کہا ہے کہ جنوبی کوریا پاکستان کے زرعی شعبہ میں 7 لاکھ ڈالر کی سرمایہ کاری کرے گا جس سے ملکی زرعی پیداوار بڑھے گی۔

وفاقی وزیر فخر امام سے جنوبی کوریا کے سرمایہ کار وفد نے ملاقات کی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان میں زراعت کی ترقی میں کوریا کی سات لاکھ امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوریا پروگرام آن انٹرنیشنل ایگریکلچر (کوپیا) پاکستان سینٹر کے ذریعے کوریا میں تیار کردہ زرعی مشینری ، زرعی ان پٹ اور محفوظ زراعت کے شعبے میں دوطرفہ تعاون کو وسعت ملے گی۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ کوپیا ، پاکستان سینٹر کے ذریعے کورین ٹیکنالوجیز مقامی ماحول کے مطابق درآمد کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر سید فخر امام نے وفد کو پاکستان میں لائیو سٹاک سیکٹر اور ویلیو ایڈڈ جانوروں کی مصنوعات کی ترقی کی ضرورت سے آگاہ کیا۔

انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تجارت کے قابل زرعی مصنوعات کے حجم اور معیار کو مزید بڑھانے کی امید ظاہر کی اور حکومت پاکستان کی جانب سے مزید تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ دونوں وفود نے مشینری اور سبزیوں کے بیج کی پیداوار کے شعبے میں تعاون بڑھانے پررضا مندی ظاہر کی۔اجلاس میں پاکستان میں جمہوریہ کوریا کے سفیر مسٹرسینگ پاﺅ نے ڈائریکٹر کوریا پروگرام آن انٹرنیشنل ایگریکلچر (کوپیا) سینٹر ڈاکٹر چو گیانگرا کے ساتھ شرکت کی۔

وفاقی وزیر نے چھوٹے پیمانے پر کاشتکاری مشینری اور سبزیوں کے بیج کی پیداوار کے نظام کی ٹیکنالوجی کو پاکستان میں منتقل کرنے میں جمہوریہ کوریا کے تعاون کو سراہتے ہوئے کہا کہ آلو کے بیج کی پیداوار کے لیے ایروپونک ٹیکنالوجی متعارف کرانا، مرچ کی فصل میں کٹائی کے بعد کی انتظامی ٹیکنالوجی کے علاوہ رائی گراس کو زیادہ پیداوار دینے والے چارے کے طور پر متعارف کرانے سے مجموعی پیداوار میں اضافہ ہوگا۔


 

Advertisement