اسلام آباد: (دنیا نیوز) آئی ایم ایف نے ممبر ممالک کے لیے 650 ارب ڈالرز کی فنڈنگ کا اعلان کردیا ہےاور یہ رقم انسداد کورونا اقدامات کے لیے فراہم کی جائے گی، پاکستان کو بھی اس سلسلے میں 2 ارب 80 کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے۔
انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ممبر ممالک کو کورونا وائرس کے اثرات پر قابو پانے کے لیے فنڈنگ میں اضافہ کیا گیا اور مجموعی طور پر 650 ارب روپے کا ریلیف منظور کیاگیا ہے۔
ترقی پذیر اور غریب ممالک کو 275 ارب ڈالرز فراہم کیے جائیں گے۔ تمام ممبر ممالک کے لیے فنڈنگ 23 اگست سے دستیاب ہوسکے گی۔ آئی ایم ایف ایگزیکٹو بورڈ نے منظوری دے دی۔
ادھروزارت اقتصادی امور کے ذرائع کے مطابق پاکستان کو بھی اس 650 ارب ڈالر کی رقم میں سے ریلیف ملنے کا واضح امکان ہے اور پاکستان کو اس فیصلے سے دو ارب اسی کروڑ ڈالر ملنے کا امکان ہے اور یوں پاکستان پر غیر ملکی قرضوں کی ادائیگیوں میں آسانی ہوگی، یہ رقم رواں ماہ کے آخر تک ملنے کی توقع ہے۔