فیصل آباد: سوت کی قیمتوں میں اضافے سے صنعتکار اور ورکرز مشکلات سے دوچار

Published On 23 September,2021 08:33 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) صنعتی شہر فیصل آباد کی ٹیکسٹائل اور ہوزری انڈسٹری ایک بار پھر سے لڑکھڑانے لگی، سوت کی قیمتوں میں اضافے اور قلت نے صنعتکاروں اور ورکرز کو مشکلات سے دوچار کردیا۔

فیصل آباد میں سوت سے وابستہ انڈسٹریز ایک بار پھر تباہی کا شکار بننے لگی ہیں، سوت کی قیمتوں میں اضافے اور مصنوعی قلت نے صنعتکاروں اور ورکرز کو پریشانی میں مبتلا کررکھا ہے۔ صنعتکار کہتے ہیں کہ بیرون ممالک سے آنے والے سوت پر نافذ ہیوی ڈیوٹی اور اسکی ایکسپورٹ پر پابندی نہ لگنا اسکی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجہ ہے۔

سوت کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے سے اس سے وابستہ انڈسٹریز کا پہیہ جام ہونے کا خدشہ ہے۔ اگر انڈسٹریز بند ہوئیں تو لاکھوں مزدور بے روزگار ہو کر سڑکوں پر نکل آئیں گے۔

صنعتکار اور مزدور حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ سوت کی قیمتوں کو کنٹرول کرتے ہوئے انڈسٹریز کو تباہی سے بچایا جائے تاکہ ان کے روزگار متاثر ہونے سے بچ سکیں۔
 

Advertisement