اسلام آباد:(دنیا نیوز)ملک بھر میں آٹے کی قیمتوں میں سندھ نے سب کو پیچھے چھوڑ دیا جبکہ پنجاب میں آٹا ملک کے دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے زیادہ سستا ہے۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبورہوگئے، کراچی میں آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 1500 روپے تک ہے، کراچی میں آٹے کا تھیلا پنجاب کے بڑے شہروں سے 400 روپے تک مہنگا ہے۔
اعدادوشمار میں مزید بتایا گیا کہ حیدر آباد 1460 اور سکھر میں آٹے کا تھیلا 1340روپے تک ہے ،لاڑکانہ میں آٹے کا تھیلا 1320روپے تک میں فروخت ہورہا ہے جبکہ خضدار میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 1400 روپے تک ہے۔
ادارہ شماریات کے اعدادوشمار میں کہا گیا کہ کوئٹہ میں آٹے کا تھیلا 1380 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے ، بنوں1280،پشاور میں آٹے کے تھیلےکی قیمت 1100 روپے تک ہے جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی میں آٹے کا تھیلا1100 روپے تک میں فروخت ہورہا ہے،پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں آٹے کے تھیلے کی قیمت 1100 روپے تک ہے۔
قبل ازیں ادارہ شماریات نے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی ہے جس کے مطابق ملک میں مہنگائی مزید بڑھ گئی اور حالیہ ہفتے مہنگائی میں 0.20 فیصد اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کی جانب سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق مہنگائی کی مجموعی شرح 12.66 فیصد ہوگئی،سب سے کم آمدن والے طبقے کے لیے مہنگائی 14.12 فیصد پر پہنچ گئی ،حالیہ ہفتے میں 22 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوا،ایک ہفتے میں ٹماٹر 10 روپے67 پیسے فی کلو مہنگا ہواجبکہ آلو 49 پیسے فی کلو مہنگے ہوئے۔
رپورٹ میں کہا گیا کہ گھی کی قیمت میں 2 روپے 99 پیسے فی کلو اضافہ ہوا،مٹن کی قیمت میں 4 روپے 58 پیسے فی کلو اضافہ ہوا،ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 43 روپے 96 پیسے مہنگا ہوا جبکہ حالیہ ہفتے بیف،لہسن اور کوکنگ آئل کی قیمتوں میں بھی اضافہ ہوا۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ میں مزید کہاگیا کہ حالیہ ایک ہفتے میں 10 اشیاء کی قیمتوں میں کمی ہوئی،ایک ہفتے میں چینی اوسط 6 روپے 72 پیسے فی کلو سستی ہوئی اورملک میں چینی کی اوسط قیمت 100 روپے 33 پیسے فی کلو پر آگئی۔
رپورٹ کے مطابق انڈے فی درجن 6 روپے 65 پیسے درجن سستے ہوئے ،آٹے کا 20 کلو کا تھیلا 11 روپے 5 پیسے سستا ہوا جبکہ حالیہ ہفتے دالیں، کیلا اور پیاز بھی سستے ہوئے اور 19 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔