امریکی ڈالر کے مقابلے روپے کی قدر میں تاریخی گراوٹ کا سلسلہ جاری

Published On 20 October,2021 04:10 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں تاریخی گراوٹ کا سلسلہ مسلسل جاری ہے اور ایک امریکی ڈالر کی 173 روپے کی حد بھی عبور ہو گئی ہے جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے دوسرے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر میں 69 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا جس کے باعث امریکی کرنسی کی قدر 173 روپے سے بھی عبور کر گئی۔ اور قیمت 172.78 روپے سے بڑھ کر 173 روپے 47 پیسے ہو گئی ہے۔

معاشی ماہرین کے مطابق ڈالر کی قدر بڑھنے سے ملکی معیشت پر شدید منفی اثرات کا خدشہ ہے، ملک میں پٹرول اور بجلی کی بڑھتی قیمتوں نے پہلے ہی عوام کا جینا دو بھر کر رکھا ہے، مالی دباؤ کا شکار لوگ حکومت سے ریلیف کا مسلسل مطالبہ کر رہے ہیں تاہم حکومت ٹس سے مس نہیں ہو رہی۔ آئی ایم ایف کے ساتھ ڈیل میں تاخیرکی اطلاعات سے درآمدکنندگان کی ڈالر ڈیمانڈ بڑھ گئی، آئی ایم ایف کے سخت مطالبات سے محسوس ہوتا ہے روپے کو بے قدر کیا جائے گا۔

اُدھر پاکستان سٹاک مارکیٹ میں 870 پوائنٹس کی زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی جس کے باعث 100 انڈیکس کی 45 ہزار کی نفسیاتی حد بحال ہو گئی اور انڈیکس 45499.46 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران 1.95 فیصد کی بہتری دیکھی گئی جبکہ 13 کروڑ 26 لاکھ 44 ہزار 191 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 100 ارب روپے سے زائد کا فائدہ ہوا۔
 

Advertisement