روس یوکرین کشیدگی: سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی، ڈالر بھی مہنگا

Published On 24 February,2022 04:12 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) ملک بھر میں روپے کے مقابلے میں ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ یوکرین اور روس کے درمیان کشیدگی کے باعث پاکستان سٹاک مارکیٹ میں بدترین مندی ریکارڈ کی گئی۔

سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے چوتھے کاروباری روز کے دوران انٹر بینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قیمت میں تئیس پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 176 روپے 16 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 39 پیسے ہو گئی ہے۔

دوسری طرف اوپن مارکیٹ میں ڈالر 40پیسے مہنگا ہوکر 177روپے 50پیسے پر پہنچ گیا۔

دوسری طرف روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے اثرات پاکستان سٹاک مارکیٹ پر بھی پڑے، 100 انڈیکس میں 1302.41 پوائنٹس کی بدترین مندی ریکارڈ کی گئی اور 100 انڈیکس 43830.51 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کربند ہوا۔

پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 2.89 فیصد کی تنزلی دیکھی گئی جبکہ 13 کروڑ 62 لاکھ 56 ہزار 691 شیئرز کا لین دین ہوا، بدترین مندی کے باعث سرمایہ کاروں کو 120 ارب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔
 

Advertisement