فیصل آباد : (دنیا نیوز) فیصل آباد میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں کی اونچی اُڑان نے عام آدمی کو مسائل سے دوچار کردیا۔ ضلعی انتظامیہ اور پرائس کنٹرول کمیٹیاں قیمتوں کو کنٹرول کرنے میں ناکامی کا شکار ہیں۔
فیصل آباد میں ناجائز منافع خوروں اور ذخیرہ اندوزوں کے سامنے ضلعی انتظامیہ نے گٹھنے ٹیک لئے، مارکیٹوں میں سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں روزانہ کی بنیاد پر ہونے والے اضافے سے شہری چکرا کر رہ گئے۔ مارکیٹ میں شملہ مرچ 200 روپے کلو، بھنڈی 240 روپے کلو، کریلے 250، کچنار 400 روپے کلو اور ٹماٹر 200 روپے فی کلو گرام تک جا پہنچے ہیں، اسی طرح پھلوں کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے نے پھلوں کو عام آدمی کی پہنچ سے دور کردیا ہے۔
دکانداروں نے سرکاری ریٹ لسٹیں آویزاں کرنے کی بجائے من چاہی قیمتیں مقرر رکھی ہیں البتہ اسسٹنٹ کمشنر سٹی کہتے ہیں ناجائز منافع خوروں کے خلاف اقدامات جاری ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ حکام کی جانب سے قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھانے کی بجائے محض کاغذی کاروائیاں کرنے تک ہی اکتفا کیا جاتا ہے،جس سے عام آدمی کے مسائل بڑھتے جارہے ہیں۔