اسلام آباد:( شعیب نظامی سے) وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین نے کھاد کی سمگلنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فوری اقدامات کی ہدایت کر دی ہے۔
شوکت ترین کی زیر صدارت نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کے اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں حکام نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی میں 1.10 فیصد اضافہ ہوا، کراچی میں آٹا مہنگا ہونے سے ملکی سطح پر اثرات ہوئے۔
وزیر خزانہ نے ماہ رمضان کے دوران گندم اور آٹے کی آسان دستیابی کیلئے اقدامات، ملک میں چینی کے ذخائر قیمتوں میں استحکام اور دستیابی کیلئے ذخائر کو تقویت دینے کی ہدایت کی۔
اجلاس میں خوردنی تیل کی قیمتوں اور ذخائر بارے بھی آگاہ کیا گیا، بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ عالمی منڈی میں پام اور سویا بین آئل 49.2 اور 72.4 فیصد مہنگے ہوئے، وزیر خزانہ نے خوردنی تیل کی درآمد پر 10 فیصد ڈیوٹی کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کی ہدایت کر دی۔
کمیٹی کو بتایا گیا کہ 33 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اور 8 اشیاء کی قیمتوں میں کمی جبکہ گذشتہ ہفتے 18 اشیاء ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام ریکارڈ کیا گیا۔
شوکت ترین کو یوٹیلیٹی سٹورز پر سبزیوں کی فروخت، سستا اور سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ کی فراہمی پر بریفنگ دی گئی، وزیر خزانہ نے قیمتوں پر کنٹرول کیلئے ہر ممکن ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء، مشیروں، معاونین خصوصی اور وزارتوں کے سیکرٹریز نے شرکت کی۔