اسلام آباد: (ویب ڈیسک) امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی نے اکتوبر کے مہینے میں مورگن سٹینلے کیپٹل انٹرنیشنل کنٹری انڈیکس کے ممالک میں بہترین کرنسی کا اعزاز حاصل کرلیا۔
بلومبرگ، سٹیٹ بینک اور عارف حبیب ریسرچ کے مطابق امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی کی قدر میں ستمبر کے مقابلہ میں اکتوبر میں 3.4 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی ہے، 30 ستمبر کو امریکی ڈالر کے مقابلہ میں روپے کی قدر 228.45 روپے ریکارڈ کی گئی تھی جو 31 اکتوبر کو 220.89 روپے ہو گئی۔
اس فہرست میں ماریشس کی کرنسی دوسری جبکہ قازقستان کی کرنسی نے تیسری پوزیشن حاصل کی ہے۔
اکتوبر میں امریکی ڈالر کے مقابلہ میں ماریشس کی کرنسی کی قدر میں 3.3 فیصد اور قازقستان کی کرنسی کی قدر میں 1.9 فیصد کی نمو ریکارڈ کی گئی، رومانیہ، کروشیا اور استونیا اس فہرست میں بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر رہے۔
جنوبی ایشیا کے خطہ میں بنگلا دیش کی کرنسی اس فہرست میں ساتویں اور سری لنکا کی کرنسی 14ویں نمبر پر رہی۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بھی امریکی ڈالر کے مقابلہ میں پاکستانی کرنسی نے دنیا کی بہترین کرنسی کا اعزاز حاصل کیا تھا۔