اسلام آباد: (دنیا نیوز) وفاقی ادارہ شماریات نے موجودہ مالی سال کے پہلے 9 ماہ کے دوران تجارتی خسارے سے متعلق تفصیلات جاری کر دیں، تجارتی خسارے میں ریکارڈ پینتیس اعشاریہ پانچ ایک فیصد کمی آئی۔
رپورٹ کے مطابق جولائی 2022 تا مارچ 2023 تجارتی خسارے میں 12 ارب 60 کروڑ ڈالر کی نمایاں کمی دیکھی گئی، تجارتی خسارے کا حجم پینتیس اعشاریہ پانچ ایک فیصد کمی کیساتھ 22 ارب 90 کروڑ ڈالر رہا۔
گزشتہ مالی سال اسی مدت میں خسارے کا حجم پینتیس ارب پچاس کروڑ ڈالرتھا، ادارہ شماریات کے مطابق فروری کی نسبت مارچ 2023 میں برآمدات میں 8 فیصد اضافہ ہوا اور حجم 2 ارب 36 کروڑ ڈالر رہا۔
جولائی تا مارچ ملکی برآمدات 9 اعشاریہ 87 فیصد کمی کیساتھ 21 ارب ڈالر سے زائد رہیں، درآمدات پچیس اعشاریہ تین چار فیصد کمی سے 43 ارب 94 کروڑ ڈالر ریکارڈ کی گئیں۔