ریلوے اور ایوی ایشن کی بہتری کیلئے اقدامات قابل ستائش ہیں، اسحاق ڈار

Published On 06 April,2023 08:40 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے زیر صدارت ریلوے اور ایوی ایشن کے امور پر اجلاس ہوا، اجلاس میں انہوں نے کہا کہ دونوں شعبوں کی بہتری کے لیے کیے جانے والے اقدامات لائق ستائش ہیں۔

اجلاس میں وفاقی وزیر ریلوے اور ایوی ایشن خواجہ سعد رفیق، معاون خصوصی طارق پاشا، سیکرٹری ریلوے، سیکرٹری ایوی ایشن، سیکرٹری خزانہ، چیئرمین ایف بی آر وخزانہ، ایوی ایشن اور ریلوے ڈویژن کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

وفاقی وزیر ہوا بازی خواجہ سعد رفیق نے سول ایوی ایشن اتھارٹی، پی آئی اے اور پاکستان ریلوے کی کارکردگی اور جاری منصوبوں کے بارے میں بریفنگ دی، اجلاس میں سول ایوی ایشن اور ریلویز کے شعبوں کے مالیات، ٹیکسیشن، بقایا ادائیگیوں اور کیش فلو سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف معاہدے کیلئے کردار ادا کریں: اسحاق ڈار کی امریکی سفیر سے درخواست

وزارت خزانہ کے مطابق اجلاس میں ہوائی اور ریل مسافروں کو بہتر خدمات کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات اور اجلاس میں پی آئی اے کی کارکردگی کوبڑھانے اور اسے بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے تنظیم نو پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے دونوں شعبوں میں بہتری کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات اور کوششوں کو سراہا، وزیر خزانہ نے سول ایوی ایشن، پی آئی اے اور پاکستان ریلوے کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کے لیے ہر ممکن تعاون کا وعدہ کیا۔