چونیاں: اسسٹنٹ کمشنر کی کارروائی، ذخیرہ کی گئی کروڑوں روپے کی گندم برآمد

Published On 03 May,2023 07:31 pm

چونیاں: (دنیا نیوز) اسسٹنٹ کمشنر چونیاں نے ذخیرہ اندوزوں کے خلاف بڑی کاروائی کرتے ہوئے ذخیرہ کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی ہزاروں من گندم برآمد کر کے گودام سیل کر دیا۔

تحصیل انتظامیہ کی جانب سے ذخیرہ اندوزوں کیخلاف مختلف علاقوں میں کریک ڈاؤن جاری ہے، چونیاں، کنگن پور اور دیگر علاقوں سے ذخیرہ کی گئی کروڑوں روپے مالیت کی ہزاروں من گندم برآمد ہوئی، ذخیرہ کی گئی گندم قبضہ میں لینے کے بعد گوداموں کو سیل کر دیا گیا ہے۔

اسسٹنٹ کمشنر چونیاں عامر بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذخیرہ اندوز کسی رعایت کے مستحق نہیں، چونیاں میں چھ کے قریب چیک پوسٹوں کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، یہاں محکمہ فوڈ، ریونیو اور پولیس اہلکار بھی تعینات ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ تحصیل بھر سے گندم دوسرے شہروں میں منتقل یا ذخیرہ اندوزی کرنے پر پابندی ہے، کاشت کاروں کی سہولت کیلئے تین فوڈ سنٹر بنائے گئے ہیں جہاں ان کو باردانہ فراہم کر کے سرکاری ریٹ پر گندم خریدی جا رہی ہے۔