اسلام آباد: (دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ر) نے دیا مر بھاشا ڈیم اور داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا دورہ، تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا۔
دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی 13 سائٹس پر تعمیراتی کام بیک وقت جاری ہے ،پراجیکٹ حکام کی جانب سے چیئرمین واپڈا کو تعمیراتی کاموں بارے بریفنگ دی گئی۔
پراجیکٹ حکام کے مطابق دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کے لئے دریائے سندھ کا رُخ اسی سال نومبر میں موڑ دیا جائے گا، دریائے سندھ کا رُخ موڑنا دیا مر بھاشا ڈیم کی تعمیر کے لئے اہم ترین اہداف میں سے ایک ہے، رُخ موڑنے کے بعد دریائے سند ھ ڈائی ورشن سسٹم سے گزر کر دوبارہ اپنے قدرتی راستے سے جاملے گا۔
— WAPDA (@wapda_pr) June 7, 2023
چیئرمین واپڈا نے اپنے دورے میں پراجیکٹ سائٹ پر حال ہی میں تعمیر کئے گئے فیلڈ ہسپتال کا افتتاح بھی کیا ، دیا مر بھاشا ڈیم میں 8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ، 4ہزار 500میگاواٹ کم لاگت پن بجلی پیدا ہوگی۔
چیئرمین واپڈا نے زیر تعمیر داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کا بھی دورہ کیا، اپنے دورے میں چیئرمین نے منصوبے کی مختلف سائٹس پر تعمیراتی پیش رفت کا مشاہدہ کیا۔
اس موقع پر چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی (ر) نے کہا کہ 4 ہزار 320میگاواٹ کا داسو پراجیکٹ دو مراحل میں مکمل کیا جارہا ہے، داسو ہائیڈرو پاور پراجیکٹ کے زیر تعمیر پہلے مرحلے سے 2 ہزار 160 میگاواٹ بجلی پیدا ہوگی۔