موٹرسائیکل سواروں کا پٹرول کی قیمتوں میں مزید کمی کا مطالبہ

Published On 16 July,2023 11:39 am

کراچی / لاہور: (ویب ڈیسک) شہر قائد اور لاہور میں موٹرسائیکل سواروں نے پٹرول کی قیمتوں میں کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مزید کمی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

پٹرولیم مصنوعات میں کمی پر ملک کے دو بڑے شہروں کراچی اور لاہور کے شہریوں نے ردِ عمل ظاہر کرتے ہوئے اسے خوش آئند قرار دے دیا، تاہم ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات میں کمی سے مہنگائی پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔

کراچی میں موٹرسائیکل سواروں نے قیمتوں میں کمی کو ناکافی قرار دیتے ہوئے مزید کمی کا مطالبہ کیا ہے۔

شہریوں کا یہ کہنا ہے کہ پٹرول کی قیمتیں تو کم کر دی گئیں لیکن اب دیگر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی لائی جائے۔

یہ بھی پڑھیں:حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑی کمی کا اعلان کر دیا

تاہم کچھ شہریوں نے پٹرولیم مصنوعات میں کمی بیشی کے مخصوص ’’حکومتی پیٹرن‘‘ کی نشان دہی بھی کی اور کہا کہ ابھی 9 روپے کم کئے گئے ہیں چند دنوں بعد 15 روپے پھر بڑھا دیئے جائیں گے۔

شہریوں نے یہ بھی کہا کہ اب تو ماضی کے برعکس ایسا ہوتا ہے کہ جب پٹرول کی قیمتیں گرتی ہیں تو اشیاء کی قیمتیں اور بڑھا دی جاتی ہیں۔

پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی پر لاہور کے شہریوں کا بھی ملا جلا رد عمل دیکھنے میں آیا۔

عوام کا کہنا تھا کہ روس سے سستا پٹرول آ چکا ہے لیکن عوام کیلئے کوئی ریلیف نہیں ہے، ہمارا تو خیال تھا کہ پٹرول کی قیمتوں میں 100 روپے کمی ہوگی لیکن صرف 9 روپے کمی کی گئی۔

شہریوں نے کہا ایک طرف پٹرول کی قیمت کم کی گئی تو دوسری طرف بجلی مہنگی کر دی گئی ہے، عوام کو تو حکومت ہر طرف سے پیس ہی رہی ہے۔