بجلی چوروں کیخلاف مختلف شہروں میں کریک ڈاؤن، گرفتاریاں اور جرمانے عائد

Published On 12 September,2023 12:52 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر مختلف شہروں میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن جاری ہے جس میں ملزمان کی گرفتاریوں سمیت ان پر بھاری جرمانے عائد کیے جا رہے ہیں۔

فیصل آباد میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈاؤن کے دوران مزید 126 بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا گیا، 6 روز کے دوران ریجن بھر میں 364 بجلی چور پکڑے گئے جس پر 3 کروڑ 65 لاکھ سے زائد کا جرمانہ عائد کیا گیا۔

گوجرانوالہ سے بھی 178 بجلی چور پکڑے گئے جن پر ایک کروڑ 13 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے عائد کیے گئے، میپکو ریجن میں 13 ڈیفالٹرز کے کنکشنز منقطع اور 10 ٹرانسفارمرز اتارکر قبضہ میں لے لیے گئے جبکہ جیکب آباد میں 6 سو سے زائد غیر قانونی کنکشن کاٹ دیے گئے۔

گجرات میں پوليس نے بجلی چوروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 35 بجلی چوروں کو گرفتار کر لیا، جہانیاں میں بجلی چوروں کو لاکھوں روپے جرمانہ کیا گیا اور ان کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے۔

مزید برآں کندیاں اور پپلاں میں بھی بجلی چوروں کے خلاف ایکشن کے دوران پولیس نے 14 بجلی چور گرفتار کر لیے، ننکانہ صاحب میں بھی 130 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کر لیے گئے۔