مہنگائی کے وار نہ رکے، مجموعی شرح 38 فیصد سے متجاوز

Published On 13 October,2023 03:12 pm

لاہور: (دنیا نیوز) ملک میں مہنگائی کے وار نہ رکے، مجموعی شرح 38.28 فیصد تک پہنچ گئی ، ایک ہفتے کے دوران 17 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو گیا۔

ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق رواں ہفتے کے دوران مہنگائی کی شرح میں 0.30 فیصد کا اضافہ ہوا ہے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ حالیہ ہفتے کے دوران ٹماٹر فی کلو 7 روپے مہنگے ہوگئے، فی درجن انڈوں کی قیمت میں10 روپے کا اضافہ ہوا، 800 گرام نمک کے پیکٹ کی قیمت میں 3 روپے، لہسن کی فی کلو قیمت میں 5 روپے کا اضافہ ہوا۔

ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے کے دوران مٹن، بیف، آلو اور پیاز کی قیمتیں بھی بڑھ گئیں۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران 17 اشیاء کی قیمتوں میں کمی بھی دیکھی گئی، چینی کی فی کلو قیمت 7 روپے کم ہوئی، دال چنا 5 روپے، دال مونگ 7 روپے، دال ماش 8 روپے فی کلو سستی ہوئی، زندہ مرغی کی قیمتوں میں 6 روپے اور چاول کی فی کلو قیمت میں 2 روپے کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

علاوہ ازیں رواں ہفتے 17 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا ہے۔