75 روپے کے نوٹ کے دو رنگ، سٹیٹ بینک نے وضاحت کردی

Published On 17 October,2023 12:37 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 75 روپے کے نوٹ کے دو رنگوں کے حوالے سے وضاحت جاری کردی۔

پاکستان کے 75 ویں یوم آزادی کے موقع پر سٹیٹ بینک آف پاکستان نے 75 روپے مالیت کا یاد گاری نوٹ جاری کیا تھا جو کہ سبز رنگ کا تھا۔

بعد ازاں سٹیٹ بینک کے قیام کو 75 سال مکمل ہونے پر حکومت پاکستان نے 75 روپے کا ایک اور یادگاری نوٹ جاری کیا جو کہ نیلے رنگ کا تھا اور اس کا ڈیزائن پہلے جاری کیے گئے نوٹ سے مختلف ہے۔

تاہم نوٹ کے حوالے سے عوام کے شکوک و شبہات سامنے آنے پر اب اس کے اصل ہونے کے حوالے سے سٹیٹ بینک نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے آفیشل اکاؤنٹ سے وضاحت جاری کی ہے۔

سٹیٹ بینک کی جانب سے کہا گیا ہے کہ 75 روپے کے ہرے اور نیلے دونوں نوٹ قانونی ہیں جو کہ پاکستان بھر میں لین دین کیلئے استعمال کیے جاسکتے ہیں۔