چیئرمین واپڈا کا دیامر بھاشا ڈیم کا دورہ، ڈائی ورشن سسٹم کے ٹیسٹ رن کا جائزہ لیا

Published On 10 December,2023 04:34 pm

دیامر: (دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی کا دیا مر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کا دورہ، ڈائی ورشن سسٹم کے ٹیسٹ رن کا جائزہ لیا۔

پراجیکٹ حکام کی جانب سے چیئرمین واپڈا کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ دیامر بھاشا ڈیم سائٹ پر گزشتہ ہفتے دریائے سندھ کا رُخ جزوی طور پر موڑ ا جاچکا ہے، دریائے سندھ کا بیشتر پانی ڈائی ورشن سسٹم جبکہ کچھ اپنے قدرتی راستے پر بہہ رہا ہے منصوبے کا ڈائی ورشن سسٹم، ڈائی ورشن کینال، ڈائی ورشن ٹنل اور دو کوفر ڈیمز پر مشتمل ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ ٹیسٹ رن کے دوران پراجیکٹ کا ڈائی ورشن سسٹم موثر طورپر کام کر رہاہے، دریا کا رُخ مکمل موڑ نے کا سنگ میل آئندہ ہفتے حاصل کر لیاجائے گا، مکمل رخ موڑنے پرپانی ڈائی ورشن سسٹم سے گزر تا ہوادوبارہ اپنے قدرتی راستے سے جا ملے گا ۔

انجینئر لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی نے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم پراجیکٹ کی 13سائٹس پر تعمیراتی کام بیک وقت جاری ہے، دیامر بھاشا ڈیم کی تکمیل 2028میں شیڈول ہے، ڈیم میں 8.1ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ ہوگا، دیامر بھاشا ڈیم سے 4ہزار 500میگا واٹ سستی،ماحول دوست پن بجلی پیدا ہوگی۔ 

Advertisement