لاہور:(دنیا نیوز) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا، مہمند ڈیمزکی تعمیر کیلئے متاثرین کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی کے زیر صدارت دیا مر بھاشا اور مہمند ڈیمز پر عملدرآمد کمیٹی کا اجلاس ہوا ،اجلاس میں دونوں منصوبوں پر زمین کے حصول اور متاثرین کی آبادکاری بارے پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی نے کہا کہ گزشتہ اجلاس میں دیئے گئے اہداف بارے پیش رفت پر ذیلی کمیٹی کی کارکردگی قابل تعریف ہے، منصوبوں کی تعمیر کے لئےمتاثرین کی قربانیوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ واپڈا متاثرین کے قانونی اور جائز کیسز کو جلد از جلد حل کرنا چاہتا ہے، دیا مر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تمام اہم سائٹس پر کام تسلی بخش رفتار سے آگے بڑھ رہا ہے۔
چیئرمین واپڈا کا کہنا تھا کہ مہمند ڈیم کی تکمیل 2026میں شیڈول ہے، مہمند ڈیم کی بدولت 1.2 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ، 800 میگاواٹ سستی پن بجلی پیدا ہوگی۔
لیفٹیننٹ جنرل(ر) سجاد غنی کا مزید کہنا تھاکہ دیا مر بھاشا ڈیم کی تکمیل 2028 میں شیڈول ہے، دیا مر بھاشا ڈیم مکمل ہونے پر 8.1 ملین ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ، 4500میگاواٹ سستی بجلی پیدا ہوگی۔