وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سے چین کی نجی سرمایہ کار کمپنی کے وفد کی ملاقات

Published On 14 July,2024 05:03 pm

پشاور: (دنیا نیوز) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سردار علی امین گنڈاپور سے چین کی نجی سرمایہ کار کمپنی کے وفد نے ملاقات کی، ملاقات کے دوران مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے خیبر پختونخوا میں معدنیات اور صنعت کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہش کا اظہار کیا، مذکورہ کمپنی اس سلسلے میں ایک ہفتے میں صوبائی حکومت کو قابل عمل تجاویز پیش کرے گی۔

وزیر اعلیٰ علی امین گنڈا پور نے متعلقہ حکام کو ان تجاویز کا جائزہ لے کر مزید پیشرفت کے لئے لائحہ عمل تیار کرنے کی ہدایت کر دی، وزیر اعلیٰ نے وفد کو لائیو سٹاک، سولر انرجی، زراعت اور دیگر شعبوں میں بھی سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔

علی امین گنڈا پورا نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں بیرونی سرمایہ کاری کے بے پناہ مواقع موجود ہیں، ہم بیرونی سرمایہ کاری کی نہ صرف حوصلہ افزائی کریں گے بلکہ سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولیات بھی فراہم کریں گے۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ صوبائی حکومت زراعت کی ترقی کے لئے چین کی جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے، صوبائی حکومت سرکاری دفاتر اور تعلیمی اداروں کے علاوہ مستحق گھرانوں کو سولر انرجی کی فراہمی کے منصوبے پر کام کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں سولر پلیٹس اور سولر بیٹری میں استعمال ہونے والی معدنیات کے وافر ذخائر موجود ہیں، صوبائی حکومت صوبے ہی میں سولر پینل اور سولر بیٹری کی صنعت قائم کرنا چاہتی ہے، اس لئے اس شعبے میں سرمایہ کاری کے بے حد مواقع موجود ہیں۔

علی امین گنڈا پور نے کہا کہ ہم اس شعبے میں چینی سرمایہ کاری کی بھر پور حوصلہ افزائی کریں گے، وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے صنعت کے علاوہ بورڈ آف انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈ کے حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔







×

آپ کی رائے

کیا چھوٹے صوبوں کا قیام پاکستان میں بہتر حکمرانی اور ترقی کے لیے ضروری ہے