اسلام آباد:(دنیا نیوز) ایشیائی ترقیاتی بینک نے ایشین ڈویلپمنٹ آؤٹ لک رپورٹ جاری کر دی، جس میں پاکستانی قرضوں کے حجم میں 7فیصد کمی کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
اے ڈی بی نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ رواں مالی سال کے دوران پاکستانی معیشت میں قرضوں کا حجم 77 فیصد سے کم ہوکر 70 فیصد تک ہوسکتا ہے، رواں مالی سال پاکستان کے 62 فیصد محصولات قرضوں کی ادائیگی پر خرچ ہوں گے۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ رواں مالی سال پاکستان میں مہنگائی کی شرح زیادہ رہے گی، گزشتہ مالی سال پاکستان کی شرح نمو 2.4 فیصد رہی، گزشتہ مالی سال معاشی ترقی کی شرح میں زراعت نے اہم کردار ادا کیا۔
اے ڈی بی کی رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ پاکستان میں مہنگائی کی شرح 38 فیصد سے کم ہوکر 11.8 فیصد تک پہنچی، پاکستان میں مہنگائی کی شرح کم ہونے سے پالیسی ریٹ میں کمی ہوئی۔