اسلام آباد: (دنیانیوز) وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی سے چینی قونصل جنرل ژاو شیرین کی سربراہی میں چینی بزنس کمیونٹی کے نمائندہ وفدنے ملاقات کی، ملاقات میں چینی شہریوں اور پراجیکٹس پر کام کرنے والے عملے کی حفاظت کے اقدامات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
چینی وفد نے سکیورٹی پلان کے حوالے سے تجاویز دیں جن پر وزیرداخلہ نے قابل عمل تجاویز پر عملدرآمد کی یقین دہانی کرائی، 3 گھنٹے طویل مشاورتی میٹنگ میں وفاق اور پنجاب حکومت کے قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔
اس موقع پروزیرداخلہ محسن نقوی نے کہا کہ چینی شہریوں کی حفاظت اولین ترجیح ہے، چینی شہریوں کو کاروبار کے لئے ہر ممکن سہولت دیں گے، سکیورٹی پلان کے ایس او پیز چینی شہریوں کے تحفظ کے لئے بنائے ہیں۔
ان کاکہنا تھا کہ چینی شہریوں کی سہولت کیلئے جو کچھ ممکن ہوا ، ضرور وہ اقدام اٹھائیں گے، 14 اگست سے چینی شہریوں کے لئےویزا آن لائن ہو جائے گا ، اس سے چینی بزنس مینوں کو پاکستان آنے میں بہت آسانی ہو گی، چینی شہریوں کی آسانی کے لئے ایس او پیز کا جائزہ لیا جائے گا۔
محسن نقوی نے مزید کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان مثالی تعلقات ہیں۔
قونصل جنرل ژاو شیرین نے ملاقات میں کہا کہ وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی میرے اور چین کے دوست ہیں، امید ہے کہ اس میٹنگ کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔
چینی قونصل جنرل کی ملاقات میں پنجاب خصوصا پنجاب میں کاروبار کرنے والے چینی بزنس مینوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔