پہلے خریداری پھر منظوری: پختونخوا حکومت کا ہدف سے زیادہ گندم خریدنے کا انکشاف

Published On 06 August,2024 01:27 pm

پشاور:(دنیا نیوز) پہلے خریداری پھر کابینہ سے منظوری لی گئی، خیبر پختونخوا حکومت کا ہدف سے زیادہ گندم خریدنے کا انکشاف سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق محکمہ خوراک خیبر پختونخوا نے 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف مقرر کیا تھا ، گندم کا ہدف بڑھ کر 2 لاکھ 8 ہزار 993 میٹرک ٹن تک پہنچ گیا۔

اعداد وشمار کی دستاویز میں بتایا گیا کہ ہدف بڑھنے سے حکومت کو اب مزید 1 ارب 37 کروڑ روپے ادا کرنا ہوں گے جبکہ گندم کا ہدف صوبے کے 4 اضلاع میں خریداری کے باعث بڑھ گیا، سوات،دیر لوئر،چترال لوئر و اپر میں مزید گندم کی خریداری کے باعث ہدف میں اضافہ ہو۔

دستاویز میں یہ بھی انکشاف سامنے آیا کہ 22 اضلاع میں 2 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا فیصلہ اپریل میں کیا گیا تھا، جبکہ موسم کی خرابی کے باعث سوات،چترال اوردیر میں گندم کی خریداری بروقت نہیں کی گئی، گندم کی خریداری کے لیے مختص 20 ارب روپے میں 19 ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں۔

دستاویز میں مزید یہ بھی بتایا گیا کہ بقایاجات کی ادائیگی کے لیے محکمہ خوراک کو 1 ارب 37 کروڑ روپے درکار ہیں اور صوبے کے 22 سینٹرز میں متعدد کے واجبات بھی باقی ہیں۔