ایک اور آئی پی پی کمپنی کے ساتھ حکومت کے معاملات طے پا گئے

Published On 07 December,2024 03:42 pm

اسلام آباد: (ذیشان یوسفزئی) ایک اور آئی پی پی کمپنی ترمیم شدہ حکومتی معاہدوں پر رضا مند ہو گئی۔

ذرائع کے مطابق آئی پی پیز کے ساتھ حکومت کی ٹاسک فورس کی بات چیت جاری ہے ایک اور آئی پی پی کمپنی سیف پاور لمٹیڈ سے حکومت کے معاملات طے پا گئے ہیں۔

ذرائع نے دنیا نیوز کو بتایا ہے کہ سیف پاور حکومت کے ساتھ ترمیم شدہ معاہدوں پر راضی ہوگیا ہے اور کمپنی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز نے ترمیم شدہ حکومت معاہدوں کی منظوری دے دی ہے، بی او ڈی نے پاور پرچیز ایگریمنٹ، ایمپلی منٹیشن ایگریمنٹ اور رئیوائزڈ ٹیرف کی منظوری دی ہے۔

پاور ڈویژن ذرائع کا کہنا ہے کہ سیف پاور کے ساتھ ترمیم شدہ معاہدہ یکم نومبر 2024 سے لاگو ہوگا، ترمیم شدہ معاہدے کے تحت سیف پاور کو 90 دنوں کے اندر ادائیگیاں کرنا ہوں گی، سیف پاور کے ساتھ معاہدے کی منظوری کابینہ دے گی۔

واضح رہے کہ سیف پاور 225 میگاواٹ کا کمبائنڈ سائیکل پاور پلانٹ ہے جو ضلع ساہیوال میں ہے۔