لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن پنجاب زون نے کہا کہ چینی کی قیمتوں میں اضافے کے حوالے سے سٹے بازوں کی جانب سے بے بنیاد افواہیں پھیلائی جا رہی ہیں۔
شوگر ملز ایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ ملک میں چینی کی قیمت میں اضافہ سےمتعلق خبروں میں کوئی صداقت نہیں، چینی کی ایکس مل قیمت 140 روپے فی کلوگرام تک رہنے کی شرط پر حکومت نے سرپلس چینی کی برآمد کی اجازت دی تھی۔
12 دسمبر 2024 کو ملک کے مختلف حصوں میں چینی کی ریٹیل قیمتیں 130 روپے تک ہیں، جون 2024 میں حکومت کی جانب سے چینی کی برآمد کی اجازت دینے کے بعد سے چینی کی ایکس مل اور ریٹیل قیمتیں کم ہوئی ہیں۔
گزشتہ کرشنگ سیزن 24-2023 کے اختتام کے بعد سے چینی اپنی پیداواری لاگت سے بہت کم پر فروخت ہو رہی ہے پچھلے دو کرشنگ سیزن میں گنے کی قیمت تقریباً دوگنی ہو گئی جس نے چینی کی پیداواری لاگت کو بہت بڑھا دیا۔
شوگر ملزایسوسی ایشن کا کہنا ہے کہ موجودہ کرشنگ سیزن جاری ہے اور چینی کے موجودہ سٹاکس تسلی بخش ہیں، حکومت سے اپیل ہے کہ وہ چینی کے سٹے بازوں اور مفاد پرست عناصر کے خلاف سخت کارروائی کرے۔