ملک بھر کیلئے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی ہونے کا امکان

Published On 22 August,2025 10:27 am

کراچی: (ویب ڈیسک) کراچی سمیت ملک بھر کیلئے ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی سستی ہونے کا امکان ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بجلی ایک روپے 69 پیسے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) میں دائر کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق سی پی پی اے نے جولائی 2025 کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست نیپرامیں جمع کی ہے، پاورڈویژن نے یکساں ٹیرف سے متعلق ای سی سی پالیسی گائیڈ لائنز نیپرا کو بھجوا دیں۔

ذرائع نے بتایا کہ ای سی سی پالیسی گائیڈلائنزکے تحت ماہانہ ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک پر بھی ہوگا، نیپرا کی جانب سے درخواست پر 28 اگست کو سماعت ہوگی۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ یکساں ٹیرف سے متعلق ای سی سی کی پالیسی گائیڈ لائنز کا بھی نیپرا جائزہ لے گی۔

واضح رہے کہ ای سی سی نے ملک بھر کیلئے یکساں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ لاگو کرنے کی منظوری دی تھی، کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 19 اگست کو پاور ڈویژن کی سمری منظور کر لی تھی۔

ای سی سی فیصلے کے تحت بجلی کی قیمت میں ماہانہ ایڈجسٹمنٹ ملک بھرکیلئے یکساں ہوگی۔