اسلام آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر (فیڈرل بورڈ آف ریونیو) کے مطابق افغانستان کی بلااشتعال جارحیت کے باعث 4 بارڈر سٹیشنز پر کسٹمز کلیئرنس تاحال معطل ہے۔
ایف بی آر کے مطابق طورخم، غلام خان، خرلاچی اور انگور اڈہ بارڈر سٹیشنز پر درآمد و برآمد 12 اکتوبر سے بند ہے، سکیورٹی خدشات کے باعث متعدد اہلکار واپس بلا لیے کیونکہ عملے کی جانیں خطرے میں ہیں۔
اعلامیہ کے مطابق کسٹمز انسپکٹرز اور سپاہی محدود تعداد میں بارڈر پر موجود ہیں، حالات معمول پر آتے ہی کسٹمز کلیئرنس کا عمل فوری بحال کیا جائے گا۔
طورخم پر سب سے زیادہ کارگو ہینڈل، 255 برآمدی اور 24 درآمدی گاڑیاں ٹرمینل پر کھڑی ہیں، جمرود لنڈی کوتل روڈ پر تقریباً 200 گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں۔
ایف بی آر کے مطابق درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان گڈز ڈکلیریشن جمع کرانے میں ہچکچاہٹ کا شکار ہیں، تقریباً 500 ٹرانزٹ ٹریڈ گاڑیاں طورخم اور چمن پر سرحد پار کرنے کی منتظر ہیں، سکیورٹی صورتحال بہتر ہوتے ہی کلیئرنس بحال کر دی جائے گی۔



