وزیراعظم کی پی آئی اے کی نجکاری تیز رفتاری اور شفافیت سے مکمل کرنے کی ہدایت

Published On 21 November,2025 09:55 am

اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی نجکاری کے حوالے سے تمام مراحل تیز رفتاری اور شفاف طریقے سے مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان انٹر نیشنل ایئرلائنز کے امور پر اہم اجلاس ہوا، جس میں وزیراعظم نے پی آئی اے فلیٹ میں قابلِ پرواز طیاروں کی تعداد بڑھانے کیلئے لائحہ عمل ترتیب دینے کی ہدایت کی۔

انہوں نے پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز کی پروازوں کی بروقت روانگی یقینی بنانے کے بھی احکامات دیئے۔

اجلاس کو پی آئی اے کی نجکاری اور اس حوالے سے بزنس پلان پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے سے 4 پارٹیز کو پری-کوالیفائی کیا گیا، جلد ہی پی آئی اے کی نجکاری کے حوالے سے بڈنگ کی جائے گی۔

دوران اجلاس مزید بتایا گیا کہ پی آئی اے کے 75 فیصد شیئرز کی نجکاری کی جائے گی، تاہم نجکاری کے بعد پی آئی اے کا نام اور اس کی تھیم نہیں بدلی جائے گی، بزنس پلان کے تحت 2029 میں پی آئی اے فلیٹ میں قابلِ پرواز طیاروں کی تعداد 18 سے بڑھا کر 38 کی جائے گی۔