3 مزید سرکاری ادارے نجکاری کیلئے فہرست میں شامل کر لئے گئے

Published On 01 December,2025 07:54 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) نجکاری کمیشن بورڈ نے مزید 3 اداروں کی نجکاری کیلئے نجکاری لسٹ میں شامل کر لیا۔

نجکاری کمیشن بورڈ کا 243 واں اجلاس مشیر نجکاری محمد علی کی زیر صدارت ہوا، بورڈ اجلاس میں نجکاری پروگرام میں تین نئے سرکاری اداروں کی شمولیت کی منظوری دی گئی۔

فہرست میں شامل ہونے والے اداروں میں سینڈک میٹلز لمیٹڈ، پاکستان منرلز ڈویلپمنٹ کارپوریشن، نیشنل انشورنس کمپنی شامل ہیں۔

بورڈ اجلاس میں 12 ایس او ایز کو نجکاری کیلئے غیر موزوں قرار دیدیا گیا، سندھ انجینئرنگ لمیٹڈ اور یوٹیلیٹی سٹورز کو نجکاری فہرست سے نکالنے کی سفارش کی گئی، یوٹیلیٹی سٹورز کے اثاثوں کے مقابلے میں واجبات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

نجکاری کمیشن کے اعلامیہ کے مطابق فیصلے شفافیت، مارکیٹ فزیبلٹی اور عوامی مفاد کی بنیاد پر ہوں گے، اجلاس میں قابلِ عمل اور لین دین کیلئے تیار اداروں پر توجہ مرکوز رکھنے کا عزم کیا گیا۔