سٹاک ایکسچینج کا مثبت آغاز، ایک لاکھ 69 ہزار پوائنٹس کی حد پار

Published On 02 December,2025 11:33 am

کراچی (دنیا نیوز) ملک میں مہنگائی میں کمی کی رپورٹ پر پاکستان سٹاک ایکسچینج نے کاروبار کا مثبت زون میں آغاز کیا اور سرمایہ کاروں نے حصص کے لین دین میں دلچسپی دکھائی۔

کے ایس ای 100 انڈیکس میں 935.38 پوائنٹس کا اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 168,997 پوائنٹس تک پہنچ گیا، جو پچھلی بندش 168,062.19پوائنٹس کے مقابلے میں 0.56 فیصد بہتری ظاہر کرتا ہے۔

واضح رہے کہ کاروبارِ حصص کے دوران 100 انڈیکس آج 169,289.21 پوائنٹس تک بھی گیا مگر کچھ دیر تیزی میں کمی آ گئی۔

نومبر 2025 کے لیے پاکستان کی بنیادی مہنگائی معمولی کمی کے ساتھ 6.24 فیصد سے گھٹ کر 6.15 فیصد ہوگئی، سال کے اختتام کے قریب یہ کمی سرمایہ کاروں کے لیے قیمتوں کے دباؤ میں کمی کا مثبت اشارہ سمجھی گئی۔

ایک روز قبل بھی بنچ مارک کے ایس ای 100 انڈیکس میں تیزی دیکھی گئی، جو 1,384.50 پوائنٹس بڑھ کر 168,062.19 پوائنٹس پر بند ہوا، جو گزشتہ تجارتی سیشن کے 166,677.70 پوائنٹس کے مقابلے میں 0.83 فیصد مثبت تبدیلی تھی۔

ریڈی مارکیٹ میں 735.52 ملین شیئرز کے سودے ہوئے جن کی مالیت 46.18 ارب روپے رہی، جو گزشتہ سیشن کے 592.74 ملین شیئرز اور 41.96 ارب روپے مالیت سے زیادہ تھی، مارکیٹ کیپٹلائزیشن بھی بڑھ کر 18.866 ٹریلین روپے سے 19.032 ٹریلین روپے ہوگئی۔

گزشتہ روز سٹاک مارکیٹ میں 484 فعال کمپنیوں میں سے 278 کے شیئرز کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، 162 میں کمی جبکہ 44 میں کوئی تبدیلی نہیں آئی۔