پہلا ون ڈے: پاکستان کو 92 رنز سے شکست، آسٹریلیا فاتح

Published On 13 Jan 2017 04:30 PM 

پہلے ون ڈے میچ میں آسٹریلیا نے پاکستان کو 92 رنز سے شکست دے کر سیریز کا فاتحانہ آغاز کر دیا ہے۔

برسبین: (ویب ڈیسک) برسبین کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلے گئے ون ڈے میچ میں آسٹریلوی ٹیم کے کپتان سٹیون سمتھ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔ کینگروز کی جانب سے ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ میدان میں اترے۔ تاہم قومی گیند بازوں نے اپنی شاندار بولنگ سے آسٹریلیا کے دونوں اوپنرز کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ محمد عامر نے میچ کے آغاز میں ہی دو وکٹیں حاصل کرکے پاکستان کا میچ پر پلڑا بھاری کر دیا۔ محمد عامر نے ڈیوڈ وارنر اور کپتان سمتھ کو جلد آؤٹ کرکے پویلین پہنچایا۔ وارنر صرف 7 جبکہ سٹیون سمتھ صفر پر آؤٹ ہوئے۔

ٹاپ آرڈرز میں ٹریوس ہیڈ 39، کرس لین 16 اور مارش صرف 4 رنز بنا سکے۔ تاہم اس کے بعد آنے والے بلے بازوں گلین میکسویل اور میتھیو ویڈ نے کھیل کا پانسہ پلٹ دیا۔ میکسویل نے 77 گیندوں پر 60 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی جبکہ میتھو ویڈ 100 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ دیگر بلے بازوں میں فالکنر 5، پی جے کمنز 15 اور سٹارک 10 رنز بنا سکے۔ آسٹریلوی ٹیم نے مقررہ پچاس اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 268 رنز بنائے۔ قومی ٹیم کی جانب سے حسن علی 3، محمد عامر اور عماد وسیم نے دو، دو جبکہ محمد نواز نے ایک وکٹ حاصل کی۔

269 رنز کے ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم میدان میں اتری لیکن کوئی بھی بلے باز خاطر خواہ کارکردگی نہ دکھا سکا جس کی وجہ سے گرین شرٹس بیالس اعشاریہ چار اوورز میں 176 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ یوں آسٹریلیا نے 92 رنز کے بڑے مارجن سے پاکستان کو شکست دے کر پہلا ون ڈے اپنے نام کر لیا۔ پاکستان کی جانب سے بابر اعظم 33 رنز بنا کر سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ دیگر بلے بازوں میں کپتان اظہر علی 24، شرجیل خان 18، محمد حفیظ 4، عمر اکمل 17، محمد رضوان 21 اور عماس وسیم 29 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ آسٹریلیا کی جانب سے فالکنر نے 4، پی جے کمنز نے 3، سٹارک نے دو جبکہ مارش نے ایک وکٹ حاصل کی۔