مانچسٹر ٹیسٹ: انگلینڈ کو پاکستانی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 234 رنز درکار

Last Updated On 06 August,2020 11:23 pm

مانچسٹر: (دنیا نیوز) دوسرے دن کے کھیل کے اختتام پر انگلینڈ کی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 92 رنز بنا لئے ہیں۔ اس وقت اولی پوپ اور جوس بٹلر وکٹ پر موجود ہیں۔

پوپ اب تک 46 رنز بنا چکے ہیں جبکہ جوس بٹلر 15 رنز بنا سکے ہیں۔ مانچسٹر ٹیسٹ کے دوسرے روز کا کھیل پاکستانی بلے باز شان مسعود اور پاکستانی باؤلرز کے نام رہا۔

پاکستانی گیند بازوں نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے انگلینڈ کے چار کھلاڑیوں کو واپس بھجوا دیا ہے۔ انگلینڈ کو پاکستانی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 234 رنز درکار ہیں جبکہ اس کی چھ وکٹیں ابھی باقی ہیں۔

انگلش اوپنر روری برنز 4، سبلی 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان جورُوٹ نے 14 رنز بنائے اور بین سٹوکس صفر پر آؤٹ ہوئے۔ محمد عباس نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ شاہین شاہ آفریدی اور یاسر شاہ کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

اس سے قبل پہلی اننگز میں قومی کھلاڑی 326 رنز بنا سکے تھے۔ پاکستان کی جانب سے شان مسعود نے بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 319 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 18 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 156 رنز بنائے۔

بابر اعظم نے بھی اپنی شاندار کارکردگی سے شائقین کرکٹ کو خوب محظوظ کیا۔ انہوں نے 106 گیندوں کا سامنا کیا اور 11 چوکوں کی مدد سے 69 رنز بنانے میں کامیاب رہے۔ دیگر بلے بازوں میں شاداب خان 45 اور عابد علی 16 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

انگلینڈ کی جانب سے براڈ اور آرچر نے شاندار گیند بازی کرتے ہوئے پاکستان کے 3، 3 کھلاڑیوں کو پویلین واپس پہنچایا۔ ووکس کے حصے میں دو جبکہ اینڈرسن اور ڈی ایم بیس کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔